بنگلورو،29/اپریل (ایس او نیوز) ایر انڈیا کے ایک سرور کریش ہوجانے سے فلائٹوں میں بہت بڑی بے قاعدگی پیدا ہوگئی-جس کے اثرات کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایر پورٹ پر پڑے- سینکڑوں مسافر سفر کی پریشانیوں میں گھر گئے- اس لئے کہ مختلف مقامات کے لئے کئی فلائٹس یا تو موخر ہوگئے یا منسوخ- ہفتہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں پریشانی شروع ہوئی جب ایس آئی ٹی اے کی جانب سے چلائے جارہے ایر انڈیا کے سرور علی الصباح 3:30 بجے بند ہوگئے- اس سے متاثر ہونے والی پہلی فلائٹ ایر انڈیا کی لندن جانے والی AI 117 تھی جسے صبح 3:50 بجے اڑان بھرنا تھا- یہ فلائٹ 40منٹ کی تاخیر سے اڑی، صبح 5:15 بجے اڑان بھرنے والی منگلور فلائٹ کو منسوخ کردیا گیا جس کے سبب سینکڑوں مسافروں کو متاثر ہوکر سفر کا متبادل تلاش کرنا پڑا- ممبئی کو جانے والی AI-604 کے مسافروں کو سخت تکلیف جھیلنی پڑی جس میں تقریباً ساڑھے چار گھنٹوں کی تاخیر ہوئی- دہلی کو جانے والی انڈیا فلائٹ کو بھی اس قسم کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا- کولکتہ جانے والی فلائٹ اپنے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی- یہ بے ترتیبی صبح 9بجے اور اس کے آگے تک جاری رہی- اس تاخیر کا ایر انڈیا کی دیگر فلائٹوں پر بھی اثر پڑا- اس تمام وقفے کے دوران مسافر اپنی فلائٹوں کی چیک ان نہیں کرسکے- کئی مایوس مسافروں نے سوشیل میڈیا کا سہارا لیا- ان میں سے ایک نے ٹوئیٹ کیا کہ وہ اپنی ممبئی فلائٹ کی لگیج چیکنگ کے لئے تقریباً ایک گھنٹے سے قطار میں کھڑا ہواہے- اسے ڈسپلے اسکرین پر فلائٹ کا مقررہ وقت بتایا جارہا ہے- لیکن ایر لائن کے افسران زور دے رہے ہیں کہ سرور ڈاؤن ہے-